امریکی بیرونی بجٹ میںکمی پرمائیکروسافٹ کے بانی کی صدرٹرمپ کے دست راست ایلون مسک پر تنقید
نیویارک(آ ئی این پی )مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دست راست ایلون مسک کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کا امیر ترین آدمی امریکی بیرونی بجٹ میں کمی کرتے ہوئے دنیا کے غریب ترین بچوں کو قتل کر رہا ہے۔فنانشل ٹائمز سے گفتگو میں 69سالہ ارب پتی بل گیٹس نے اپنی تمام دولت فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا فلاحی ادارہ 2045 تک 200ارب ڈالر خرچ کرے گا اور وہ اپنی تمام قیمتی مصنوعات فلاحی کاموں کی مد میں خرچ کرنے کیلئے تیزی لا رہے ہیں۔بل گیٹس نے مزید کہا کہ تمام جائیداد فلاحی کاموں میں خرچ کرنے سے کئی اہداف حاصل ہوں گے، پولیو اور ملیریا جیسے امراض کا خاتمہ، خواتین اور بچوں کی قابل علاج امراض کی وجہ سے ہونے والی اموات روکنا اور دنیا میں غربت کا خاتمہ ہو سکے گا۔