پاکستان میں بارشیں ،ایرانی فضائی اثرات آسکتے ہیں :محکمہ موسمیات

کئی علاقوں میں ژالہ باری متوقع، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے
لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے جس کے نتیجہ میں 12 مارچ تک بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ ایران سے فضائی آلودگی کے اثرات بھی آ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کید وران چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان ، کشمیر سمیت دیگر بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ اوربعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔آج اورکل خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع اور پنجاب میں مری ، راولپنڈی، اٹک اور میانوالی میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر ڑالہ باری بھی ہو سکتی ہے ،بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایران سے آنے والی مغربی ہواؤں کے ساتھ آلودگی کے ذرات پاکستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہو کر فضائی آلودگی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق صورتحال ایران جیسی شدید نہیں ہوگی اور صرف معمولی اثرات متوقع ہیں۔ دریں اثناء￿  گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہا جبکہ با لائی علاقوں میں با رش ہو ئی، گزشتہ روز لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 19 اور زیادہ سے زیادہ 34 سینٹی گریڈ رہا جبکہ آلودگی کی مجموعی شرح 157فیصد رہی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس بیدیاں روڈ پر 177، برکی روڈ214،عسکری ٹین126، علامہ اقبال ٹاؤن 165،ڈی ایچ اے فیز فائیو 156، غا زی روڈ 158،ماڈل ٹا ؤن 157اورسی ای آر پی آفس میں147ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ دنوں میں پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا جو معمول سے 3 سے 4 ڈگری زیادہ ہو سکتا ہے۔