فٹبال میچ کے دوران جھگڑا، سب سے زیادہ 23 ریڈ کارڈز کا ریکارڈ قائم

برازیل (سپورٹس ڈیسک) فٹبال میچ کے دوران جھگڑے کے بعد سب سے زیادہ 23 ریڈ کارڈز دکھانے کا ریکارڈ قائم ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق برازیل میں کھیلے گئے کیمپیوناتو مینیرو کے فائنل میں روایتی حریف کلبوں کروزیرو اور ایٹلیٹیکو مینیرو کے درمیان میچ کے اختتامی لمحات میں شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔یہ واقعہ اتوار کو کھیلے گئے میچ کے اختتامی مراحل میں پیش آیا جب کروزیرو کو ایٹلیٹیکو مینیرو کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل تھی۔میچ کے آخری لمحات میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب اٹلیٹیکو مینیرو کے گول کیپر ایورسن نے کروزیرو کے مڈفیلڈر کرسٹن کو دھکا دے کر زمین پر گرا دیا۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرسٹن گیند کے تعاقب میں گول کیپر سے ٹکرا گئے تھے جس پر انہوں نے سخت ردعمل دیا۔اس واقعے کے فوراً بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے اور میدان میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔صورتحال اس قدر کشیدہ ہو گئی کہ سیکیورٹی عملے کو مداخلت کر کے کھلاڑیوں کو الگ کرنا پڑا۔