برازیل میں انڈر 20 فٹبال میچ میں شدید لڑائی، 51 ریڈ کارڈز جاری،نیا عالمی ریکارڈ قائم

جھگڑااوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں میں ہوا، 43 کھلاڑی اور دونوں ٹیموں کے کوچنگ سٹاف کے 8 ارکان میدان بدر
برازیلیا(سپورٹس ڈیسک)برازیل میں انڈر 20 فٹبال میچ کے دوران میدان میں ہنگامہ آرائی کے باعث مجموعی طور پر 51 ریڈ کارڈ دکھا دیے گئے جو فٹبال کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ بن گیا۔واقعہ ریاست میناس گیریس کی انڈر 20 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان پیش آیا جہاں 43 کھلاڑیوں اور دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے 8 ارکان کو میدان بدر کیا گیا۔میچ ریفری کی رپورٹ کے مطابق دوسرے ہاف میں مامورے کے کھلاڑی ڈیوڈ نے گول کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشارے کیے جس پر اوبرلینڈیا کے گول کیپنگ کوچ پاؤلو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آگئے۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تصادم شروع ہوگیا۔ اس واقعے سے قبل بھی تین کھلاڑی ریڈ کارڈ دیکھ چکے تھے۔ہنگامہ آرائی کے دوران اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی ہوئی جس کے بعد پولیس کو طلب کرنا پڑا۔میچ تقریباً 40 منٹ تک رکا رہا اور بالآخر ریفری نے اسے ختم کردیا۔اس سے قبل 2011 میں ارجنٹائن کے ایک میچ میں 36 ریڈ کارڈز دکھائے گئے تھے۔اوبرلینڈیا نے بعد ازاں دوسرے مرحلے کا میچ کھیلنے سے دستبرداری اختیار کرلی اور اسے فیئر پلے کا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے مامورے کو فائنل میں رسائی دے دی۔