لیسکو :بجلی چوری چھپانے کیلئے اووربلنگ کا انکشاف

گزشتہ اور رواں ماہ لیسکو کے صارفین کو ہزاروں اضافی یونٹس چارج کرکے بل بھجوادیئے گئے 
لاہور(کرائم رپورٹر)لیسکو میں اوور بلنگ کا جن پھر بے قابو ہوگیا، فیلڈ افسر بجلی چوری روکنے میں ناکام،کارکردگی بہتر دکھانے کیلئے اوور بلنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا، گزشتہ ماہ اور رواں ماہ لیسکو کے صارفین کو ہزاروں اضافی یونٹس چارج کرکے بل بھجوادیئے گئے۔وزیراعظم شہباز شریف نے لیسکو میں اوور بلنگ کا سخت نوٹس لیا تھا اور متعدد لیسکو افسروں کیخلاف کارروائی بھی کی گئی تاہم رواں سال موسم گرما میں لاسز کم ظاہر کرنے کیلئے فیلڈ افسروں نے ایک بار پھر اوور بلنگ کا سہارا لے لیا۔گزشتہ اور رواں ماہ سرکاری کنکشنز ،انڈسٹریل اور زرعی کنکشنز کو ہزاروں اضافی یونٹس چارج کئے گئے۔ذرائع کے مطابق لیسکو سائوتھ سرکل کے علاقہ چونگی امرسدھو اور فیروز پور روڈ پر واپڈا سپورٹس کمپلیکس،میٹرو بس اتھارٹی ، ریسکیو،کوآپریٹو سوسائٹیز،واسا اور ٹیپا کے بلوں میں اضافی یونٹس کا انکشاف ہوا ہیجبکہ ایسٹرن سرکل کی مختلف سب ڈویڑنز میں چھوٹی انڈسٹری اور زرعی ٹیوب ویلز کو اوور بلنگ ہوئی۔لیسکو فیلڈ افسروں نے آف پیک ٹائمنگ میں اضافی یونٹس شامل کئے،مختلف بلوں پر ایڈوانس بلنگ بھی کی گئی، فیلڈ افسروں نے ٹیکنیکل طریقے سے اوور بلنگ کی۔متعدد کنکشنز پر ایڈوانس بلنگ کی گئی بجلی بلوں پر پرنٹ ریڈنگ کی تصاویر اور درج ریڈنگ میں 5 سے 6 ہزار یونٹس کا فرق رکھا گیا اور بل بھی تاخیر سے بھجوائے گئے تاکہ جب صارفین کو بل موصول ہوں تو ریڈنگ کا فرق کور ہوجائے،بجلی بلوں پر پرنٹ تصاویر میں واضح فرق دیکھا جاسکتاہے۔ لیسکو چیف رمضان بٹ نے فیلڈ افسروں کو اوور بلنگ کی شکایت پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا مگر اسکے باوجود رواں ماہ اوور بلنگ ہوئی، لیسکوچیف کا کہنا ہے کہ اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہیاوور بلنگ کرنیوالے افسروں اور ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔