بلوں میں 17 فیصد تک کمی ہو سکتی ہے ،پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی سمارٹ میٹرز کو موثربنانے کی تجویز
لاہور(خصوصی رپورٹ )پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی پاور سیکٹر پر تحقیقی رپورٹ جاری کردی گئی، پائیڈ نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور سمارٹ میٹرز کو موثر بنانے کی تجویز دیدی۔ رپورٹ کے مطابق سمارٹ میٹرز استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بجلی بلز میں 17 فیصد تک کمی لاسکتے ہیں۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس نے راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد اور سکھر کے بجلی صارفین پر سٹڈی کی اور پاور سیکٹر پر رپورٹ جاری کردی۔ پائیڈ نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور سمارٹ میٹرز کو موثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا سمارٹ میٹرز استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بجلی بلز میں 17 فیصد تک کمی لاسکتے ہیں۔سروے کے 79 فیصد شرکا نے سمارٹ میٹرز کو اپنانے کی خواہش ظاہر کی ہے، صارفین سمارٹ میٹرز کی ابتدائی لاگت برداشت کرنے کیلئے بھی تیار ہیں،سمارٹ میٹرز سے ڈسکوز کی ریونیو وصولی میں نمایاں بہتری آسکتی ہے۔رپورٹ میں مزید سمارٹ میٹرز کے استعمال سے مالی نقصانات، بلنگ غلطیاں، ترسیلی مسائل کا حل ممکن ہے۔رپورٹ کے مطابق دو دہائیوں سے پاکستان میں مینوئل بلنگ سسٹم پر انحصار کیا جارہا ہے، مالی خسارہ، پرانا انفرا اسٹرکچر اور بجلی کی چوری جیسے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔