اسلام آباد: پی ٹی آئی کارکنوں کی 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں دائر ضمانت کی درخواستوں پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں پر 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج مقدمات کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کے روبرو ہوئی۔ سماعت کے دوران 9 پی ٹی آئی کارکنوں کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سردار مصروف ایڈووکیٹ نے ملزمان کی جانب سے دلائل پیش کیے۔وکیل نے کہا کہ ملزمان کی ضمانت پہلے ہی ہائیکورٹ سے منظور ہو چکی ہے اور آئین کے آرٹیکل 201 کے مطابق یہ عدالت اس درخواست پر ضمانت منظور کرنے کی پابند ہے۔ وکیل نے مزید کہا کہ یہ تمام ملزمان موقع پر گرفتار نہیں ہوئے اور پولیس کو ان کی مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ رمنا میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔