پاکستان کی معاشی ترقی و مضبوطی ہی ہم سب کی بقاء کی ضامن : علیم خان

 ملک کو محفوظ بنانا اور دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، وفاقی وزیر کی اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقاتوں میں گفتگو
 لاہور (آ ئی این پی )صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی و مضبوطی ہی ہم سب کی بقا کی ضامن ہے، ترقی کرتا ہوا پاکستان 24 کروڑ عوام کے دلوں کی آواز ہے ۔ عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت میں اضافہ خوش آئند ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکین پنجاب اسمبلی کی علیحدہ علیحدہ ملاقا توں میں کیا جنہوں نے گزشتہ روز یہاں ان سے ملاقاتیں کیں ۔ان ملاقاتوں میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پنجاب اسمبلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے متحرک پارلیمانی کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے ارکان اسمبلی کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کرنے والوں میں رکن پنجاب اسمبلی غزالی سلیم بٹ اور غضنفر عباس چھینہ شامل تھے ۔ وائس چیئرمین پی ایچ اے غزالی سلیم بٹ نے این اے 117 اور پی پی 146 میں ترقیاتی کاموں پر مشاورت کی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی سے ہی عام آدمی کا ریلیف منسلک ہے ۔ پاکستان اب مستحکم ہونے کا سفر طے کر رہا ہے ۔ ہر محب وطن پاکستانی قومی اداروں کے ساتھ دلی احترام کے ساتھ کھڑا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو محفوظ بنانا اور دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔ شہریوں کو درپیش مشکلات کا دیرپا اور مستقل حل ہونا چاہیے۔ اراکین اسمبلی ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنائیں۔