ٹیکسلا کے علاقے میں اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات پیش آئی ہے، جس میں ایک کاروباری شخصیت کو ان کے ڈرائیور سمیت گاڑی (لینڈ کروزر) کے ساتھ اغوا کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مغوی کے بیٹے محمد رضوان نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد محمد سلیم اپنے ڈرائیور تیمور کے ہمراہ کام کے سلسلے میں گھر سے نکلے تھے کہ ڈھوک پنوں کے قریب اچانک ایک گاڑی نے ان کی لینڈ کروزر کو سامنے سے روک لیا۔درخواست کے مطابق پانچ مسلح افراد نے گاڑی سے اتر کر محمد سلیم اور ڈرائیور کو زبردستی اپنی گاڑی میں منتقل کیا، جبکہ ایک ملزم مغوی کی گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔ مزاحمت پر ملزمان نے اسلحہ تان کر دھمکیاں بھی دیں۔
مدعی کے مطابق کچھ دیر بعد بیرون ملک نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں تین کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا اور دھمکی دی گئی کہ رقم نہ دینے کی صورت میں مغویوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔پولیس حکام نے بتایا کہ اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ مغویوں کی بازیابی کے لیے کوششیں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔