ٹائر پھٹنے سے ٹیکسی درخت سے ٹکرا گئی، ڈرائیور جاں بحق، 2 مسافر زخمی

ٹائر پھٹنے سے ٹیکسی درخت سے ٹکرا گئی، ڈرائیور جاں بحق، 2 مسافر زخمی

لاہور  میں کینسر کیئر اسپتال کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں آن لائن رائیڈ سروس کی گاڑی ٹائر پھٹنے کے باعث درخت سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ دو مسافر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب آلٹو کار (نمبر BXL-617) کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔حادثے میں ڈرائیور عثمان ولد امین، سکنہ پارک ویو سوسائٹی، موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ گاڑی میں سوار دو مسافروں کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ ٹائر پھٹنا قرار دی گئی ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گاڑیوں کے ٹائروں اور مجموعی فٹنس کی بروقت جانچ کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔