شاہدرہ ناکہ پر فائرنگ، راہگیر زخمی، ملزم فرار

 پولیس پر فائرنگ کے بعدملزم گاڑی چھوڑ کر آبادی میں چھپ گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) شاہدرہ ناکہ پر کار سوار ملزمان کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے ناکے پر ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تعاقب کے دوران گاڑی کا ٹائر برسٹ ہو گیا، جس پر ملزمان گاڑی چھوڑ کر آبادی کی جانب فرار ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس پارٹی پر فائرنگ کے دوران ایک راہگیر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کی چھوڑی گئی گاڑی تحویل میں لے لی ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔