سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ، شہری مہنگائی سے پریشان

سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ، شہری مہنگائی سے پریشان

شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے جبکہ متعدد اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت ہونے کے باعث شہری شدید مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح ٹماٹر 45 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 80 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔لہسن (چائینہ) 420 روپے فی کلو، ادرک 340 روپے فی کلو جبکہ شلجم 70 سے 80 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ مٹر بھی 150 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 185 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔دیگر سبزیوں میں بھنڈی 90 روپے، پالک 50 سے 60 روپے، ٹینڈے 200 روپے اور کریلا 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ لیموں 245 روپے فی کلو، چیکو 270 روپے، سفید سیب 370 روپے فی کلو جبکہ کیلا 250 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہا ہے۔ دیسی آم 145 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 180 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور منافع خور عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق طلب و رسد میں عدم توازن اور مؤثر نگرانی کے فقدان کے باعث قیمتیں قابو سے باہر ہو رہی ہیں، جس سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔