بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو اگلے روز ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے
28ویں ترمیم کا شوشہ چھوڑ کر سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے لئے کام کر رہی ہیں
کراچی(آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے پیپلز پارٹی کے سسٹم کو گلگت بلتستان تک پھیلا دیا گیا ہے،بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو اگلے روز ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے ، مقامی حکومتوں کو مکمل بااختیار بنایا جائے اور آئندہ وفاقی بجٹ میں کراچی کے بنیادی مسائل، خصوصا پانی، ٹرانسپورٹ اور روزگار کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجٹ 2 دن بعد پیش کیا جا رہا ہے جبکہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت کی جانب سے مشکلات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سسٹم کو گلگت بلتستان تک تحفے کے طور پر پھیلایا گیا ہے۔ یہ لوگ نہ پانی، نہ روزگار اور نہ ہی یونیورسٹی روڈ جیسے بنیادی منصوبے مکمل کر سکے ہیں۔ فارم 47 کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کو نوازا گیا ۔ یہ سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں جو مل کر طے کرتے ہیں کہ انکل سے کتنا شیئر لینا ہے۔حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت بجٹ میں لیوی جیسے ٹیکس نافذ کر کے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔ ہر چیز پر ٹیکس لگا کر مافیاز کو سپورٹ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد کے فیصلے میں شوگر مافیا شامل ہے جو پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں میں موجود ہے اور یہ ایک پورا کنسورشیم ہے جو عوام کو لوٹ رہا ہے