کابینہ کمیٹی کھیلوں کے منصوبوں کی نگرانی کرے گی،پی ایچ ایز کی بحالی کیلئے 10 ارب فنڈز کی تجویز، بزنس ماڈلز بھی تیار ہوں گے،سمری وزیراعلیٰ کو ارسال
لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں شہری سبزہ زاروں کی بحالی اور پی ایچ ایزکے فعال کردار کو یقینی بنانے کیلئے نیا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پی ایچ ایز کے لیے نئے بزنس ماڈلز تیار کیے جائیں گے جبکہ کابینہ کی سب کمیٹی کی تشکیل کی تجویز بھی پیش کر دی گئی ہے، جو نگرانی اور منصوبہ بندی کی ذمہ دار ہو گی۔مجوزہ کمیٹی کھیلوں کے میدان، پیڈل ٹینس اور فٹبال جیسے منصوبوں کی براہ را ست نگرانی کرے گی۔ منصوبے کے تحت پی ایچ ایز کو نجی شعبے کے اشتراک، ایونٹس، نرسری، اشتہارات اور سپانسرشپ کے ذریعے خود کفیل بنانے کا ہدف دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے کلین اینڈ گرین پنجاب وژن کے تحت یہ اقدامات رواں مالی سال کے دوران مکمل کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے پی ایچ ایز کے لیے 10 ارب روپے کے فنڈز کی تجویز حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔سرکاری سمری کے مطابق ان فنڈز سے شہری ماحول کی بہتری اور تفریحی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پنجاب کے 11 بڑے شہروں میں کام شروع کیا جائے گا۔ رواں بجٹ میں پی ایچ ایز کے لیے 4.757 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے لاہور کو 3.3 ارب روپے دیے گئے ہیں، جبکہ دیگر شہروں کو مرمت، دیکھ بھال اور خوبصورتی کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے اس حوالے سے سمری حکومت پنجاب کو منظوری کے لیے ارسال کر دی ہے۔