لوگوں کو بیماری سے بچانا خدمت کا واحد راستہ ہے : مصطفی کمال

ہمارا ماحول ہمیں بیمار کر رہا ہے، کراچی جیسے بڑے شہروں میں لوگ آج بھی آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ لوگوں کی خدمت کا یہی واحد راستہ ہے کہ انہیں بیماری سے بچایا جائے، نہ کہ صرف علاج پر انحصار کیا جائے۔ ییلو وہیکل ویسٹ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج انڈس ہسپتال کے تعاون سے ایک ایسا قدم اٹھایا گیا ہے جو براہ راست انسانوں کو بیماریوں سے بچانے کی طرف بڑھتا ہوا عملی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے انفیکشن زدہ فضلے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے ڈونرز کی مدد سے 15 اضلاع کو مخصوص یلو وینز فراہم کی جا رہی ہیں، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ گاڑیاں ہسپتالوں کے خطرناک فضلے کو مناسب طریقے سے منتقل کرنے میں مدد دیں گی، تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، لیکن بدقسمتی سے ہم نے اپنی ترجیحات الٹ رکھی ہیں، ہم علاج پر توجہ دے رہے ہیں، جبکہ بیماریوں سے بچاؤ کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گلی کوچوں اور گھروں سے جنم لینے والی بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے لیے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہمارا ماحول ہمیں بیمار کر رہا ہے، کراچی جیسے بڑے شہروں میں لوگ آج بھی آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔