برمنگھم میں آسمان گلابی ہونے سے خوف کی فضا، غیر معمولی منظر کی اصل وجہ سامنے آ گئی

برمنگھم میں آسمان گلابی ہونے سے خوف کی فضا، غیر معمولی منظر کی اصل وجہ سامنے آ گئی

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں اس وقت خوف اور تجسس کی فضا پیدا ہو گئی جب رات گئے آسمان اچانک گہرے گلابی اور سرخی مائل رنگ میں تبدیل ہو گیا۔

 یہ غیر معمولی منظر دیکھ کر شہری حیرت زدہ رہ گئے جبکہ سوشل میڈیا پر مختلف سوالات، خدشات اور قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب برمنگھم شدید برف باری کی لپیٹ میں تھا۔ خراب موسمی حالات کے باعث شہر میں آمدورفت متاثر ہوئی، سڑکوں پر پھسلن کے باعث مشکلات بڑھ گئیں اور متعدد سہولیات عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔ انہی حالات میں آسمان کا اچانک اس قدر غیر فطری رنگ اختیار کرنا شہریوں کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن گیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں رہائشیوں نے فوراً موبائل فونز کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔ ان مناظر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا کہ برمنگھم کے آسمان پر گلابی روشنی چھائی ہوئی ہے، جس نے دیکھنے والوں کو چونکا دیا۔ ابتدا میں بعض افراد نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید یہ منظر کسی قدرتی آفت، موسمی تبدیلی یا برفانی طوفان سے جڑا ہوا ہے۔تاہم بعد ازاں ماہرین اور میڈیا رپورٹس نے اس پراسرار منظر کی اصل وجہ واضح کر دی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آسمان کا یہ رنگ کسی قدرتی مظہر کا نتیجہ نہیں بلکہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی روشنیوں کا اثر تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تصاویر کے جائزے سے پتا چلا کہ یہ گلابی روشنی صرف برمنگھم کے چند مخصوص علاقوں تک محدود تھی جبکہ برطانیہ کے دیگر شہروں میں ایسا کوئی منظر دیکھنے میں نہیں آیا۔ بعد میں برطانوی اخبار ’’میٹرو‘‘ کی رپورٹ میں اس حیران کن منظر کی اصل وجہ سامنے آئی۔رپورٹ کے مطابق برمنگھم سٹی فٹبال کلب کے اسٹیڈیم میں نصب طاقتور ایل ای ڈی لائٹس اس غیر معمولی رنگ کا سبب بنیں۔ شدید برف باری اور گھنے بادلوں میں موجود ذرات نے ان روشنیوں کو بکھیر دیا، جس کے نتیجے میں یہ گلابی روشنی پورے آسمان پر پھیلتی ہوئی دکھائی دی۔اخبار کے مطابق اسٹیڈیم میں استعمال ہونے والی یہ خصوصی لائٹس میدان کی گھاس کو محفوظ رکھنے اور خراب موسم کے بعد اسے تیزی سے بحال کرنے کے لیے لگائی گئی ہیں۔ فضائی تصاویر میں بھی اسٹیڈیم کی روشنیاں اسی وقت نمایاں دکھائی دیں جب شہری اس عجیب و غریب منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر رہے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برف اور بادلوں میں موجود ذرات عام حالات کے مقابلے میں روشنی کو زیادہ منعکس کرتے ہیں، جس کے باعث زمینی روشنیاں فضا میں جذب ہونے کے بجائے واپس زمین کی طرف پلٹ آتی ہیں اور پورے شہر میں غیر معمولی رنگ بکھر جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹیڈیم کے قریب آسمان کا رنگ زیادہ گہرا نظر آیا جبکہ فاصلے کے ساتھ اس کی شدت کم ہوتی چلی گئی۔