جین زی ہی طاغوتوں کو چیلنج کر سکتی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

جین زی ہی طاغوتوں کو چیلنج کر سکتی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی نظام میں طاغوتی قوتوں کو اصل چیلنج صرف جنریشن زی ہی دے سکتی ہے، کیونکہ یہی وہ نسل ہے جو سوال اٹھا رہی ہے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے۔

لاہور کے پی سی ہوٹل میں الخدمت یوتھ گیدرنگ 10 (AYC10) ’’سربلند‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ان کے سامنے وہ نوجوان نسل موجود ہے جو مستقبل میں پاکستان کی باگ ڈور سنبھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی حقیقی خدمت وہی کر سکتا ہے جو بہترین انسان ہو، ہم ایک امت ہیں، ہمارے دکھ سکھ مشترک ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا۔ ان کے مطابق معاشرے کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری تینوں نسلوں پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ٹیکنالوجی اور طاقت کے بل پر قبضہ کیا اور 80 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرسمس کے موقع پر بھارت میں گرجا گھروں میں بدتہذیبی کی گئی، اگر ایسے واقعات پاکستان میں ہوتے تو عالمی سطح پر ملک کو نشانہ بنایا جاتا۔

امیر جماعت اسلامی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب چاہوں قبضہ کروں گا‘‘ جیسے الفاظ خدائی لہجے کی عکاسی کرتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسانیت یرغمال بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنریشن زی سوشل میڈیا پر خود سوال اٹھا رہی ہے کہ مغرب ظلم کیوں کر رہا ہے، یہی سوچ طاغوتی قوتوں کے لیے اصل خطرہ ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، جبکہ ٹرمپ نیتن یاہو کا ساتھ دے رہا ہے۔ تاہم نوجوان نسل سوال کر رہی ہے کہ انسانیت کو کیوں پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ظلم کے خلاف ایک مشترکہ محاذ بنانا ہوگا تاکہ انسانیت کو بچایا جا سکے۔