122 علاقوں کاپانی غیرمعیاری

 کوالٹی کی بنیاد پر ایک سیمپل فیل ہوا، جبکہ سیوریج کی آمیزش کے باعث 121 سیمپل فیل،صرف 71 مقامات کے سیمپل درست
 جی ٹی روڈ شاہدرہ ٹا ئون، نبی پارک ، پرانا بس سٹاپ راوی ٹا ئون ودیگر علاقے شامل ، پینے کا پانی مجموعی طور پر تسلی بخش :ایم ڈی واسا 
لاہور (خصوصی رپورٹ)شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی کوالٹی پر سوالات اٹھ گئے ہیں،193 علاقوں سے لیے گئے سیمپلز میں سے 122 غیر معیاری قرار پائے، سیوریج ملا پانی شہریوں کی مجبوری بن گیا،لاکھوں شہری بیماریوں کے خطرے سے دوچار، جبکہ واسا انتظامیہ صورتحال کو تسلی بخش قرار دے رہی ہے. ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں پینے کے آلودہ پانی کی فراہمی کا سنگین انکشاف سامنے آیا ہے۔شہر کے 193 مختلف علاقوں سے پینے کے پانی کے سیمپل حاصل کیے گئے، جن میں سے 122 سیمپل غیر معیاری قرار دیے گئے، جبکہ صرف 71 مقامات کے سیمپل درست پائے گئے۔رپورٹ کے مطابق کوالٹی کی بنیاد پر ایک سیمپل فیل ہوا، جبکہ سیوریج کی آمیزش کے باعث 121 سیمپل فیل قرار پائے۔ان اعداد و شمار نے واضح کر دیا ہے کہ لاہور کے لاکھوں شہری سیوریج ملا مضرِ صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج فیز ون اور فیز ٹو کی تکمیل کے باوجود پینے کے پانی کے معیار میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی۔جی ٹی روڈ شاہدرہ ٹا ئون، نبی پارک، قلعہ محمدی میں پینے کے پانی میں آلودگی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔پرانا بس سٹاپ راوی ٹا ئون، لیڈی ولنگٹن راوی روڈ، اے بلاک فیصل ٹا ئون میں سیوریج ملا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔نظام آباد تاجپورہ، احاطہ مکھن سنگھ مصطفی آباد، بلاک تھری چلڈرن پارک میں واسا کی جانب سے گندا پانی سپلائی ہونے کی اطلاعات ہیں۔عثمان چوک بادامی باغ، پانی والا تالاب ریسکیو آفس، ٹو سی ون ٹا ئون شپ ،فائیو ڈی ٹو ٹا ئون شپ، نہرو پارک، کاپوریشن کالونی ،تیزاب احاطہ شالیمار ٹا ئون، ایف بلاک نرسری گرا ئونڈ گلبرگ ٹو ،ایچ ون جوہر ٹا ئون، رسول پارک شاہدرہ، اے بلاک رحمان پورہ میں سیوریج ملا پانی سپلائی کیا جا رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ ‘‘گھروں میں نلکے سے بدبو دار اور گندا پانی آ رہا ہے، بچے بیمار ہو رہے ہیں، کوئی سننے والا نہیں،ماہرین کے مطابق سیوریج ملا پانی پینے سے ہیضہ، ٹائیفائیڈ، اسہال، یرقان اور دیگر پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے،جبکہ آلودہ پانی گردوں، جگر اور جلدی امراض کا باعث بھی بن رہا ہے۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں گندا پانی آ رہا ہے وہاں پانی کے پائپ تبدیل کیے جا رہے ہیں۔ایم ڈی واسا کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام سے پینے کے پانی میں بہتری آئی ہیاور ان کا دعویٰ ہے کہ لاہور میں پینے کا پانی مجموعی طور پر تسلی بخش ہے۔