چاروں صوبوں میں دریائوں اور نہروں پر تجاوزات کی رپورٹ سینیٹ قائمہ کمیٹی میں پیش کردی گئی
اسلام آباد(آئی این پی)قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں دریائوں اور نہروں پر تجاوزات کا انکشاف کیا گیا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس چیئرمین سینیٹر شہادت اعوان کی صدارت میں ہوا، جس میں وفاقی وزیر مصدق ملک اور سیکرٹری آبی وسائل شریک ہوئے۔ اجلاس میں دریائوں اور نہروں کے قریب زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔چیئرمین کمیٹی نے اجلاس میں سوال کیا کہ بتایا جائے عدالتوں میں قبضے کے کتنے کیسز ہیں اور صوبوں میں کہاں کہاں ایسا ہوا۔ آپ نے سپارکو کو خط لکھنا تھا کہ کہاں کہاں زمین پر قبضہ ہوا۔اگر قبضے نہ ہوتے تو سیلابی صورتحال تشویشناک نہ ہوتی۔اجلاس میں سندھ اور پنجاب میں نہروں و دریائوں کے پاس تجاوزات کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔ اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں 153 تجاوزات تھیں، جن میں سے 87 ختم کر دیں۔ اسی طرح پنجاب میں دریاں کے پاس 153 تجاوزات ہیں۔ سندھ میں 26 جگہ تجاوزات ہیں اور حکومت نے 11 قبضے ختم کروائے ہیں جب کہ بلوچستان سے تجاوزات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔