سنت کے جشن بسنت کے دوران پیش آنے والے واقعات میں 6 افراد کی موت اور 124 شہریوں کے زخمی ہونے کے بعد جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں ذمہ دار افسران کے خلاف فوجداری اور محکماتی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق بسنت کے دوران 6 اموات ہوئیں، جبکہ سرکاری دعوے کے برخلاف 124 شہری زخمی ہوئے۔ درخواست گزار نے کہا کہ بسنت تہوار شہریوں کے لیے جان لیوا خطرہ بن چکی ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ بسنت کے دوران چھتوں سے گرنے، کھمبوں پر چڑھنے اور دیگر واقعات میں درجنوں بچے زخمی ہوئے، جبکہ قاتل ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت روکنے میں ریاستی ادارے ناکام رہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بسنت کے حوالے سے غفلت برتنے والے متعلقہ افسران کے خلاف فوجداری اور محکماتی کارروائی کی جائے اور اس سلسلے میں عدالتی کمیشن قائم کیا جائے تاکہ بسنت پر ہونے والے نقصان کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔