ماسکو(آئی این پی ) روسی کمپنی نے حال ہی میں کبوتروں کو نگرانی والے ڈرون میں بدلنے کا دعوی کیا ہے جسے حیاتیاتی ڈرون یا انگریزی میں bio-drone کہا جاسکتا ہے۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق روسی نیورو ٹیکنالوجی کمپنی Neiry Group دعوی کرتی ہے کہ اس نے کبوتروں پر دماغی امپلانٹس نصب کیے ہیں جن کے ذریعے ان کے پرواز کے راستوں کو دور سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ان کبوتروں کو چھوٹے کیمروں، جی پی ایس، اور سولر-پاور والے کنٹرول کے ساتھ بھی لیس کیا گیا ہے جس سے وہ روایتی ڈرونز کی طرح لائیو ویڈیو فراہم کر سکیں گے۔پائلٹس یا تربیت کی ضرورت کے بغیر، برقی سگنلز کے ذریعے ان کے دماغ میں یہ بتایا جا سکتا ہے کہ وہ دائیں یا بائیں مڑیں یا خاص راستہ اختیار کریں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بائیو ڈرونز عام ڈرونز سے زیادہ طویل پرواز کر سکتے ہیں اور محدود ہوا کے علاقوں میں بھی کام کر سکتے ہیں۔