اسلام آباد کو محفوظ ، جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے گا، چیف کمشنر

  داخلی و خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا
 آمد و رفت اور نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے کیلئے جدید میکنزم تیار کیا جا رہا ہے، آئی جی 
اسلام آباد(آئی ا ین پی )چیف کمشنر اسلام آباد  و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاو ا نے کہا  ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سات یوم میں دارالحکومت اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کی جبکہ اجلاس میں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسلام آباد شہر میں ڈویژنل سطح پر سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنا کر پورے شہر کو محفوظ بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا جبکہ شہر میں آمد و رفت اور نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے کیلئے جدید میکنزم تیار کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کی روک تھام کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس دن رات مصروف عمل ہے