عمران خان کا آرمی چیف کو دوسرا خط لکھنے کا اعلان

عمران خان کا آرمی چیف کو دوسرا خط لکھنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو دوسرا کھلا خط لکھا ہے۔

 اس خط میں انہوں نے ملک و قوم کی بہتری کی خاطر نیک نیتی سے آرمی چیف کے نام خط لکھنے کا ذکر کیا اور کہا کہ اس کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو کم کرنا تھا۔ تاہم، ان کے مطابق، اس خط کا جواب غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری سے دیا گیا۔ عمران خان نے اپنے خط میں مزید کہا کہ اگر عوام کی رائے لی جائے تو 90 فیصد عوام ان کے پچھلے خط میں اٹھائے گئے نکات کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے ملک میں حالیہ قانونی اور سیاسی پیش رفت کے ساتھ ساتھ اپنی پارٹی اور اس کے کارکنوں کو درپیش چیلنجوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔اس سے قبل، عمران خان نے آرمی چیف کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے انتخابی دھاندلی، من پسند ججز کی تعیناتی، 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا ایکٹ جیسے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ان سے فوج اور عوام کے درمیان خلیج بڑھ رہی ہے۔

عمران خان کی بہن، علیمہ خان، نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان آئندہ ہفتے آرمی چیف کو ایک اور کھلا خط لکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے صوابی جلسے پر عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آزادی کی جنگ ختم نہیں ہوئی ہے۔عمران خان نے اپنے خط میں اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہو، لیکن اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں کی وجہ سے فوج اور عوام میں خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔