3 دہائیوں بعد ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز

 شہباز شریف اور مریم نواز کی افتتاح کیلئے فورٹریس میں چبوترے پر بگھی میں آمد ،رنگ برنگے فلوٹ ، لیزر لائٹس کرتب 
لاہور(خصوصی رپورٹ)تین دہائیوں بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا پوری سج دھج سے آغاز کردیاگیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شوکی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے فورٹریس اسٹیڈیم آمد پروزیراعظم محمد شہباز شریف کا خیر مقدم کیا،دونوں روایتی بگھی پر سوارہوکر سلامی کے چبوترے پر پہنچے، وزیراعلی مریم نواز شریف ہینڈ پرنٹ سے میلے کا منفرد ڈیجیٹل افتتاح کیا۔ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز ہوتے فورٹریس اسٹیڈیم ڈھول کی تھاپ سے گونج اٹھا،پاکستان، کویت، ناروے،عمان، قطر، سعودی عرب، سا ئوتھ افریقہ، امریکہ کی انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ ٹیموں کے دستوں نے مارچ کیا۔پاکستان، ایران، ترکیہ، تاجکستان کی ارچری ٹیموں کے دستے نے بھی مارچ کیا۔ڈھول کی تھاپ پر ناچتے اونٹ اور اونٹنیاں سے لائیو سٹاک مارچ کا آغاز ہوا،شو میں نیلی راوی ساہیوال اور دیگر پنجاب کی بہترین نسل کی بھینس کی نمائش کی گئی۔علاقائی اور صوبائی ثقافت کی عکاسی کرتے رنگ برنگے فلوٹ حاضرین کی دلچسپی کا مرکزبنے رہے،سجے سجائے فلوٹس پر روایتی علاقائی رقص کے مظاہرے پیش کئے گئے،سینکڑوں ڈھولچیوں کے دستے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا،بیک وقت 6 ڈھول بجاتا ڈھولچی سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ہارس اینڈ کیٹل شو میں درویش رقص کا سحر انگیز شو پیش کیا گیا، سلواکیہ کے ماہر فنکاروں نے لیزر لائٹس کرتب سے شائقین کو محظوظ کیا،مقدونیہ کے بینڈ نے ہارس اینڈ کیٹل شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا،عاطف اسلم کی خصوصی پرفارمنس پر ہزاروں بچوں اور نوجوان سٹیج کے سامنے جمع ہو گئے ،تقریب میں ڈرون سے قومی پرچم، مینار پاکستان اور دیگر قومی و علاقائی لیزر امیج بھی پیش کئے گئے، ہارس اینڈ کیٹل شو میں مشعلیں روشن کی گئیں،ہارس اینڈ کیٹل شو میں کثیر تعداد میں فیملیزنے شرکت کی،تالیاں بجاکر داد دیتے رہے، وزیراعلی مریم نواز شریف نے حاضرین کے پاس جا کر ملاقات کی،حاضرین نے پرجوش نعروں سے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا خیر مقدم کیا- ہارس اینڈ کیٹل شو میں شریک شائقین نے وزیراعلی مریم نوازشریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔