وزیراعظم شہباز شریف آج دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہو رہے ہیں۔
یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت کابینہ کے دیگر اہم ارکان اور اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہوگا۔دورے کے دوران، وزیراعظم دبئی میں منعقد ہونے والے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کریں گے اور کلیدی خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کے جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، اور گورننس اصلاحات کے وژن کو اجاگر کریں گے۔
اس کے علاوہ، وزیراعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور شریک ممالک کے سربراہان مملکت اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ چیف ایگزیکٹو افسران سے بھی ملاقات کریں گے۔یاد رہے کہ مارچ 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ دوسرا دورہ ہے۔