جیلانی پارک میں ڈاگ شو

150جرمن شیفرڈ شریک ، خوبصورتی ، تربیت کے باعث توجہ کامرکز بنے
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کے جیلانی پارک میں ہارس اینڈ کیٹل شو 2025 کی مناسبت سے ایک شاندار ڈاگ شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں جرمن شیفرڈ کی مختلف بریڈ کے کتوں نے حصہ لیا۔ اس ایونٹ میں 150 سے زائد جرمن شیفرڈ شریک ہوئے، جو اپنی خوبصورتی، طاقت اور تربیت کے باعث دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے۔ڈاگ شو میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے جرمن شیفرڈ پالنے اور بریڈنگ کا شوق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ کینل کلب آف پاکستان کے سیکرٹری ناصر ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ شو نہ صرف جرمن شیفرڈ نسل کے فروغ کے لیے منعقد کیا جاتا ہے بلکہ اس کا مقصد ڈاگ بریڈنگ اور پالتو کتوں کی تربیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔سویٹزرلینڈ سے آئی ہوئی ایک خاتون اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں آکر اور اس ایونٹ میں شرکت کر کے بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ یہاں کے لوگوں کو جرمن شیفرڈز سے کتنی محبت ہے اور وہ ان کی دیکھ بھال میں کتنی محنت کرتے ہیں۔