ادھورے ترقیاتی منصوبے وبال جان

 کھلے مین ہولز سیحادثے کا اندیشہ ، ٹریفک روانی بھی متاثر،ڈی جی ایل ڈی اے کی برہمی 
لاہور ( کرائم رپورٹر) ایل ڈی اے کی مبینہ غفلت کے باعث جی ون مارکیٹ جوہرٹا ئون اور سبزہ زار کے ترقیاتی منصوبے ڈیڈ لائن پر مکمل نہ ہوسکے، دو ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود منصوبے مزید تاخیر کا شکار ہیں۔ڈی جی ایل ڈی اے نے شعبہ انجینئرنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے کے شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے دعوے صرف بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے، جی ون مارکیٹ جوہر ٹا ئون اور سبزہ زار کے ترقیاتی منصوبے بھی مقررہ وقت پر مکمل نہ ہو سکے۔ 30 اپریل کی ڈیڈ لائن گزر گئی، لیکن دونوں منصوبوں کی حالت جوں کی توں ہے۔ جی ون مارکیٹ جوہر ٹا ئون کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے۔ کھلے مین ہولز کسی بڑے حادثے کی وارننگ دے رہے ہیں۔ سڑکوں پر سیمنٹ، ریت، بجری، ٹف ٹائلز اور اینٹوں کے ڈھیر لگے ہیں۔ یوٹیلیٹیز کو انڈر گرا ئونڈ کرنے کا کام مکمل نہیں ہو سکا، جب کہ کئی مقامات پر بجلی کے تار لٹک رہے جو خطرناک ہیں ۔مارکیٹ میں روزانہ آنے والے شہری اور دکاندار شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ٹریفک کی روانی متاثر اور کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں۔دوسری جانب سبزہ زار کے لیاقت چوک میں بھی سڑک کی بحالی اور توسیع کا کام سست روی کا شکار ہے۔ سڑکیں ادھڑی ہوئی ہیں اور تعمیراتی سامان بے ترتیب انداز میں پھیلایا گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے کی واضح ہدایات کے باوجود کام کی رفتار تیز ہوئی اور نہ ہی منصوبے وقت پر مکمل ہو سکے۔