مزید قیدیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات ضروری ہیں،نیتن یاہو ،اقوام متحدہ کا غزہ میں مستقل سیز فائر کا مطالبہ
تل ابیب،نیویارک(آئی این پی )اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے جنگ بندی مذاکرات کیلئے ٹیم کو دوحہ جانے کا حکم دے دیا۔غیر ملکی خبررساںادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ مزید قیدیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، تل ابیب دوحہ کے لیے پیشہ وارانہ سطح کے وفد کو بھیج رہا ہے تاکہ معاہدے پر مسلسل عمل درآمد سے متعلق تکنیکی تفصیلات پر تبادل خیال کیا جائے۔دوسری جانب سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے غزہ میں مستقل سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل جنگ بندی اور بغیرکسی تاخیر کے تمام یرغمالیوں کی رہائی ہونی چاہیے، ہم مزید قتل عام اور انسانی تباہی کی جانب نہیں جاسکتے، ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی امن اور سلامتی کا ضامن ہے۔