دوسروں کو کہنے والا خود پاگل، فتنہ کی سیاست اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتےعظمی بخاری

 اڈیالہ کی دیواروں نے ایک شخص کو ذہنی مریض بنا دیا،بانی پی ٹی آئی کی ذہنی کیفیت کا معائنہ ہونا چاہئے، بانی ایم کیو ایم پارٹ 2 بن چکا ہے،
پی ٹی آئی نے ملک کودیوالیہ کرنے کیلئے ہرحربہ استعمال کیا، ایک نیوز کانفرنس کی وجہ سے پی ٹی آئی والوں کی دم پرپائوں آیا ہے،سارے پاکستانیوں کی ریڈ لائن یہ ملک ہے 
 سہیل آفریدی کو یہ نہیں پتہ 5300ارب ہوتے کتنے ہیں،ہم کہہ رہے ہیں باری باری ہر ادارے میں ریفارمز ہورہی ہیں: وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس 
لاہور(سپیشل رپورٹر )پنجاب کی  وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے  اڈیالہ کی دیواروں نے ایک شخص کو ذہنی مریض بنا دیا،دوسروں کو کہنے والا خود پاگل ہے ، دھمکیاں دینے والا آج مظلوم بنا بیٹھا ہے، فتنہ کی سیاست اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے،سارے پاکستانیوں کی ریڈ لائن یہ ملک ہے ۔  پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، پی ٹی آئی نے ملک کودیوالیہ کرنے کیلئے ہرحربہ استعمال کیا، بانی اپنے دور میں مخالفین کودھمکیاں دیتے تھے، بانی پی ٹی آئی کی ذہنی کیفیت کا معائنہ ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ذہنی مریض کیلئے سپیشل ٹیم بنائے، بانی منہ پر ہاتھ پھیر کر کہتے تھے چھوڑوں گا نہیں، اڈیالہ کا قیدی بانی ایم کیو ایم پارٹ 2 بن چکا ہے، ایک نیوز کانفرنس کی وجہ سے پی ٹی آئی والوں کی دم پرپائوں آیا ہے، دوسروں کو پاگل کہنے والا خود پاگل ہے۔ وزیراطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کوئی پرفارمنس نہیں ہے، تم کل بھی پاکستان کے خلاف تھے آج بھی خلاف ہو، کھلاڑیوں نے ورلڈکپ جیتا، تم اکیلے اس کے مالک بنے ہوئے ہو، آپ آج بھی ایک تعلیمی ادارہ چندے پر چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس بٹھا کر وزیراعظم بنے اورپاکستان پر مسلط رہے، ہمیں بھی اسٹیبلشمنٹ سے گلا رہا لیکن پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سوچ نہیں آئی، آپ کے مطابق بانی پی ٹی آئی ریڈلائن ہوگی لیکن یہاں نہیں، سارے پاکستانیوں کی ریڈ لائن یہ ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بیانیہ بنایا پاکستان میں 5ہزار 300ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، آئی ایم ایف رپورٹ میں کہیں کرپشن کی بات نہیں ، سہیل آفریدی کو یہ نہیں پتہ کہ 5300ارب روپے ہوتے کتنے ہیں، سہیل آفریدی بھی دوسروں سے سن کر 5300ارب روپے کی بات کررہے تھے۔انہوں نے کہا ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہر جگہ 100فیصد فرشتے بھرتی ہوگئے، ہم کہہ رہے ہیں باری باری ہر ادارے میں ریفارمز ہورہی ہیں، پی ٹی آئی میں بہت لوگ نجی محافل میں کہتے ہیں اس آدمی نے ہمیں بھی مروادیا۔