کمر کی تکلیف اس حد تک بڑھ گئی تھی ، ٹھیک طرح بیٹھ بھی نہیں سکتا تھا،اداکار
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکار عبداللہ اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ شدید کمر کے درد نے انہیں ماڈلنگ سے دور ہونے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ تکلیف اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ وہ ٹھیک طرح بیٹھ بھی نہیں سکتے تھے اور کھانا بھی لیٹ کر کھانا پڑتا تھا۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے پہلی بار تفصیل سے بتایا کہ آخر انہیں ماڈلنگ کا شعبہ کیوں چھوڑنا پڑا۔اپنی تکلیف دہ صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، میں اب اشتہارات کی ڈائریکشن دے رہا ہوں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھے عرق النسا ہو گیا تھا۔ یہ مسئلہ کوئی ڈیڑھ سال پہلے شروع ہوا تھا اور درد اتنا شدید تھا کہ مجھ سے بیٹھا بھی نہیں جاتا تھا۔ یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت مشکل وقت تھا، خاص طور پر میری اہلیہ رابعہ کے لیے، جنہوں نے بہت مشکل وقت گزارا تاہم وہ ایک آئرن لیڈی ہیں اور انہوں نے میری بہت اچھی طرح دیکھ بھال کی۔