اوکاڑہ، شادی کی خوشیاں غم میں تبدیل، موٹرسائیکل پر سوار دولہا جاںبحق

افسوسناک  واقعہ بارات کی روانگی سے  چند گھنٹے قبل پیش آیا، موٹرسائیکل پر سوارمحمد اویس کو  اچانک گائے نے ٹکر مار دی
دولہااویس علاقے کا معروف نعت خواں تھا، کی  ہلاکت کی خبر گھر پہنچی تو شادی کی تیاریوں میں مصروف خاندان میں کہرام مچ گیا
اوکاڑہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار، )اوکاڑہ میں شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب بارات روانگی سے چند گھنٹے قبل موٹرسائیکل سوار دولہا حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگیا۔تفصیل کے مطابق اوکاڑہ میں محمد اویس نامی نوجوان موٹرسائیکل پر سوار تھا کہ اچانک ایک گائے نے اسے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔محمد اویس کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔دولہا کی حادثے میں ہلاکت کی خبر گھر پہنچی تو شادی کی تیاریوں میں مصروف خاندان میں کہرام مچ گیا اور خوشیوں بھرا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔جاں بحق ہونے والا محمد اویس علاقے کا معروف نعت خواں بھی تھا۔ اہل علاقہ نے نوجوان کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔