دریائے سندھ پر نئے نہروں کی تعمیر کی اجازت نہیں دیں گے" : شازیہ مری

دریائے سندھ پر نئے نہروں کی تعمیر کی اجازت نہیں دیں گے

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کی اجازت نہیں دے گی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر سے متعلق قرارداد کو ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر احتجاج کیا۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے 7 اپریل کو دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے خلاف قرارداد جمع کروائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے جدوجہد کی ہے، اور پانی کی تقسیم 1991ء کے معاہدے کے تحت ہونی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے اس قرارداد کی حمایت نہیں کی، جبکہ تحریکِ انصاف نے ایوان میں ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ شازیہ مری نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت کے دوران عمران خان نے دریائے سندھ پر دو نہروں کی منظوری دی تھی، جس کی پیپلز پارٹی نے سندھ میں شدید مخالفت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مسلسل دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے خلاف قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کیا ہے اور اس مسئلے پر مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء کے اشتعال انگیز اور تفرقہ انگیز بیانات کی مذمت کی۔شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ اگر تحریکِ انصاف اپنی پچھلی غلطیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے تو اسے پیپلز پارٹی کی قرارداد کی حمایت کرنی چاہیے۔