بھارت: جوتا چھپائی کی رسم میں دلہن والوں نے دلہا کو دھو ڈالا

نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت میں شادی میں جوتا چھپائی کی رسم میں منہ مانگی قیمت نہ ملنے پر دلہن والوں نے دلہا کی پٹائی کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع بجنور میں شادی کی تقریب کا ماحول اس وقت کشیدہ ہوگیا جب جوتا چھپائی کی رسم میں دلہن والوں کی مانگ پوری نہیں کی گئی۔   دلہن والوں نے 50ہزار کا تقاضا کیا لیکن دلہا شبیرنے 5ہزار روپے دیے جو دلہن کے گھر والوں کو ایک آنکھ نہ بھائے۔دلہن والوں کی جانب سے کچھ خواتین نے دلہا کو بھکاری کہنا شروع کردیا، جس کے بعد دونوں خاندانوں میں جھگڑا ہوگیا جو جلد ہی ہاتھا پائی میں بدل گیا اور دلہے کو ایک کمرے میں بند کرکے لاٹھیوں سے مارا پیٹا گیا۔واقعے کا علم ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں خاندانوں کو تھانے بلا لیا گیا، جہاں تمام تر واقعہ سننے کے بعد دونوں خاندانوں کی صلح کروائی گئی۔