نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں جھگڑے کے بعد جوڑے کو پولیس سٹیشن میں شادی کرنا پڑگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سورت شہر میں ایک جوڑے کی شادی کا آغاز تو ہال میں ہوا تاہم اس کا اختتام تھانے میں ہوا۔شادی ہال میں جوڑے کی شادی کی تمام رسومات مکمل ہوگئی تھیں لیکن صرف گلے میں ہار ڈالنے باقی تھے کہ شادی کو اچانک روک دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق دلہا کے گھر والوں نے مبینہ طور پر تقریب میں کھانا ختم ہونے کی وجہ سے اسے روکا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق دونوں خاندانوں میں کھانے کی مبینہ کمی پر جھگڑا ہوا جس کے بعد دلہا کے خاندان نے شادی کی باقی رسم کرنے سے انکار کردیا جس پر دلہن دلہا کے خاندان کے رویے سے پریشان ہوئی اور انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔ڈی سی کے مطابق لڑکی نے بتایا کہ لڑکا شادی کے لیے تیار ہے لیکن اس کے گھر والے راضی نہیں ہیں جس پر پولیس نے جوڑے کو شادی کی بقیہ رسمیں تھانے ہی میں مکمل کرنے کی اجازت دی اور پھر دونوں کی شادی تھانے میں انجام پائی۔