مقبوضہ کشمیر پر غلط پالیسی سے ہمارا موقف کمزور ہوتا ہے: راجا ظفرالحق

 ہمیں مقبوضہ کشمیر پر اپنا موقف مضبوط کرنے اور اس پر ڈٹے رہنے کی ضرورت ہے ،کشمیر کانفرنس سے خطاب
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ، یہ پالیسی تبدیل نہیں ہوسکتی ، غزہ سے بھی پاکستان کا گہرا تعلق،مشاہد حسین سید
 اسلا م آباد(آ ئی این پی ) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر غلط پالیسی سے ہمارا موقف کمزور ہوتا ہے، ہمیں مقبوضہ کشمیر پر اپنا موقف مضبوط کرنے اور اس پر ڈٹے رہنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کل جماعت حریت کانفرنس کے زیر اہتمام کشمیر مذمت کے عنوان سے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔(ن) لیگ کے سینئر رہنما راجا ظفر الحق نے کہا کہ کسی بھی غلط پالیسی سے ہمارا موقف کمزور ہوتا ہے، کشمیر کے مسئلے پر ہمارے پاس دلائل کی کوئی کمی نہیں ہے، آپ دلیری سے جہاں بھی بات کریں گے سنا جائے گا۔ وفد کی شکل میں تجاویز وزیرخارجہ کے پاس لے جائیں اور متفقہ تجاویز کو پوری دنیا میں پھیلایا جائے۔ کشمیر کانفرنس سے مشاہد حسین سید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ پالیسی تبدیل نہیں ہوسکتی، غزہ سے بھی پاکستان کا ایک گہرا تعلق ہے۔ امیر مقام، عمران خان اور کے پی پر بات کرنا چھوڑیں آپ وزیرامورکشمیر ہیں اس پر فوکس کریں۔ حریت رہنما فاروق رحمانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایکٹ میں ترامیم کی جارہی ہیں،نئے قوانین اور ضابطے بنا کر نافذ کیے جارہے ہیں،وقت آ چکا ہے کہ آزاد کشمیر کا بیس کیمپ سامنے آئے اور صورتحال کا مقابلہ کرے۔جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سربراہ مشتاق احمدنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے روایتی چیزوں کو چھوڑ کر سنجیدہ کام کرنا ہوگا، فلسطین اورمقبوضہ کشمیر میں اس وقت ایک جیسا منظر نامہ ہے۔ اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر خواجہ فاروق نے خطاب میں کہا کہ بیس کیمپ میں رہنے والے لوگوں سے زیادہ حریت کانفرنس کشمیر ایشو پر کام کر رہی ہے، مضبوط ریاست پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے۔