مریم نوازسروسز ہسپتال پہنچ گئیں‘مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے

ادویات فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، مریضوں نے میڈیسن بازار سے نہیں لینی‘میرا کام پنجاب کے عوام کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا ہے، اس سے کوئی نہیں روک سکتا:وزیراعلی

سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ نے ریفرل سسٹم کے نفاذ کیلئے جامع پلان طلب کر لیا‘
 لاہورمیڈیکل سٹی اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری

لاہور(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آفس سے واپسی پر اچانک سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سروسز ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مریضوں کو دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا اوروارڈ میں مریضوں کے علاج کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور تیمارداروں سے ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سروسز ہسپتال کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ننھے مریض سے ہلکی پھلکی گفتگو کی ، خواتین سے مصافحہ کیا اور حال چال بھی دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح اور میو ہسپتال میں ایکشن لینے سے ہسپتالوں کے حالات میں بہت بہتری آئی۔ جناح ہسپتال میں ادویات ڈبوں میں بند پڑی تھیں لیکن مریضوں کو نہیں مل رہی تھیں، فوری ایکشن کی وجہ سے مریضوں کو ریلیف ملا۔ سروسز ہسپتال سے خوش ہوکر جارہی ہوں، کسی نے نہیں کہا کہ ادویات باہر سے لانی پڑی، مریضوں کو انتظار بھی نہیں کرنا پڑتا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہسپتالوں میں اناونسمنٹ ہورہی ہیں حکومت مفت میڈیسن دے رہی ہے، اگر آپ سے کوئی آپ سے پیسے لے تو آپ نے نہیں دینے۔مریم نوازریف نے کہا کہ عوام کے لیے ہسپتالوں کو چیک کرنا وزیراعلیٰ کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ کا م نہیں کرے گا تو نیچے والے لوگ کیسے کام کریں گے۔ فیلڈ میں جاکر حالات کا جائزہ لینا وزیراعلیٰ کا کام ہے، آفس میںکرسی پر نہیں بیٹھ سکتی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ وزیراعلی کا کام ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہنا نہیں ۔ادویات فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، مریضوں نے میڈیسن بازار سے نہیں لینی۔ ہسپتالوں میں کیبنٹ رکھوادیئے ہیں، مریضوں کو نظر آتا ہے کہ جو ادویات چاہیے وہ یہاں دستیاب ہیں۔ میرا کام پنجاب کے عوام کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا ہے، اس سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا‘نجی ٹی وی کے مطابق مریضوں اور ان کے ورثاء نے وزیراعلی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔دریں اثناء پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرکاری ہسپتالوں میںریفرل سسٹم کے نفاذ کیلئے جامع پلان طلب کر لیا ہے۔مراکز صحت، ہیلتھ کلینک اور چھوٹے ہسپتالوں سے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں مریضوں کا بے جا لوڈ کم کرنے کے لئے فول پروف ریفرل سسٹم نافذ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ ریفارمز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکساس، جدہ، دوحہ کی طرز پر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی قائم کیا جائے گا۔عالمی معیار کے میڈیکل سٹی کے قیام کے لئے پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔میڈکل سٹی لاہور میں بہترین پرائیویٹ ہسپتال قائم کرنے کے لئے بنیادی سہولتیں حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے میڈیکل سٹی لاہور کے لئے مناسب مقام پر اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی۔