معیشت جب بہتر ہونے لگتی ہے انتشاری ٹولہ سرگرم ہو جاتا ہے ‘کوئی موقع جانے نہیں دیتا
بانی پی ٹی آئی اور اس کے بچوں کا تو نقصان نہیں‘ زیادہ نقصان 25 کروڑ عوام کو ہوگا:میڈیا سے گفتگو
ا سلام آباد(آئی این پی ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہاہے سیاسی دہشتگردوں کا گروپ بھی سیاسی دہشتگردی کرتا ہے، ایک پہاڑوں سے حملہ آور ہیں تو دوسرے ایوانوں سے، اس سے زیادہ نقصان 25 کروڑ عوام کو ہوگا، بانی پی ٹی آئی اور اس کے بچوں کا تو نقصان نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کی اور کہا معیشت جب بہتر ہونے لگتی ہے تو انتشاری ٹولہ سرگرم ہو جاتا ہے جو ریاست کو بلیک میل کرنے کا کوئی موقع جانے نہیں دیتا، پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی مائنز اینڈ منرلز کی تقریب ہوئی جس میں پوری دنیا سے کمپنیاں پاکستان آ کر سرمایہ کاری کریں گی، اس فورم سے صوبوں کو زیادہ فائدہ ہے کیونکہ ان کو بڑا حصہ ملے گا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کانفرنس دنیا بھر سے مندوبین نے شرکت کی، کانفرنس کے موقع پر بھی یہ انتشاری ٹولہ باز نہ آیا، کبھی ہڑتال، کبھی لانگ مارچ اور کبھی دھاوے کی کال آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پہاڑ اور میدان معدنی وسائل سے بھرے پڑے ہیں اور پاکستان مائنز اینڈ منرلز کے حوالے سے پوری دنیا کا مرکز بنا ہوا ہے لیکن ایک بار پھر سے پی ٹی آئی نے پاکستان دشمنی کی ہے کیونکہ یہ اسرائیل نواز ہیں۔آپ نے کہا تھا قدرتی وسائل کو استعمال کریں گے 300 ڈیمز بنائیں گے پہاڑوں سے چیزیں نکال کر کے پی کو بدل دیں گے، خود آپ نے 13 سال کچھ کیا نہیں اور وفاق کے گرانٹ پر پل رہے ہیں، وفاق کا دیا ہوا پیسہ بھی کرپشن کی نظر کر دیا، جتنا ٹیکس پورے کے پی سے جمع ہوتا ہے اس سے کئی زیادہ وفاق آپ کو پیسہ دیتا ہے