ہم اپنے حقوق کے لئے ہر فورم پر لڑیں گے، این ایف سی میں حق نہ ملا تو زبردستی لیں گے، اپنا حق عدالتوں اور قانونی فورم پر لیں گے
ہماری محنت سے خیبر پختونخوا سب سے امیر صوبہ بن چکا ، 13 ماہ میں 50 ارب کا قرضہ ادا کیا اور ایک روپے کا قرضہ نہیں لیا:وزیراعلی
پشاور (آئی این پی )وزیرِ اعلی خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے ہم اپنے حقوق کے لیے ہر فورم پر لڑیں گے، این ایف سی میں حق نہ ملا تو زبردستی لیں گے، اپنا حق عدالتوں اور قانونی فورم پر لیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں، حامد رضا اور دیگر کی غیر قانونی حراست افسوسناک ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حراست میں لینے کے بعد ان کو اڈیالہ سے 80 کلو میٹر دور ویرانے میں چھوڑنا قابلِ مذمت ہے، پنجاب پولیس کا خواتین کے ساتھ ناروا سلوک ریاستی جبر و تشدد اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے، وقت آنے پر اس کا حساب لیا جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا قانون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ دریں اثناء مردان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہاہماری محنت سے خیبر پختونخوا سب سے امیر صوبہ بن چکا ہے، 13 ماہ میں 50 ارب کا قرضہ ادا کیا اور ایک روپے کا قرضہ نہیں لیا‘ قرض لینے والی قومیں کبھی خود مختار نہیں ہوتیں، ہماری محنت سے خیبر پختونخوا سب سے امیر صوبہ بن چکا ہے، 13 ماہ میں 50 ارب کا قرضہ ادا کیا اور ایک روپے کا قرضہ نہیں لیا۔ان کا کہنا تھا صحت، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کیلئے بجٹ مختص کریں گے، آئندہ بجٹ ہمارے وژن کے مطابق ہو گا، یوسی سطح کے نمائندوں کو 50، 50 کروڑ روپے دیے جا رہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے ایک ایک حلقے کے ایم این اے اور ایم پی ایز کو مجموعی طور پر دو دو ارب ملیں گے۔