8 ماہ : بارشوں کے باعث کرنٹ لگنے سے 83 افراد جاں بحق

لاہور (کرائم رپورٹر )مون سون بارشوں کے باعث رواں سال لاہور میں کرنٹ لگنے کے 872 واقعات رپورٹ، 871 افراد متاثر ہوئے،کرنٹ لگنے کے واقعات میں 674 مرد اور 197 خواتین شامل ہیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور میں مختلف حادثات میں 8 ماہ کے دوران کرنٹ لگنے سے 83 افراد جان کی بازی ہار گئے، ان میں مرد، خواتین اور بچے جبکہ 10 لیسکو ملازمین بھی شامل ہیں، درجنوں افراد عمر بھر کے لیے معذوربھی ہوگئے،متاثرین میں سے 307 افراد کو موقع پر طبی امداد دی گئی، 481 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا،بارشوں اور سیلاب کے دوران بجلی کے کھمبوں ا ور تاروں سے کرنٹ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوا، گلی محلوں میں لٹکتے تاروں کے جال عوام کیلیے وبال جان بن چکے ، لٹکتی ننگی تاریں، جگہ جگہ ٹوٹی انسولیشن اور زمین پر تاریں گرنا حادثات کا بڑا سبب قرار دیا گیا ہے ، بجلی کے نظام میں خرابیوں کے باعث عوام اور ملازمین دونوں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ماہرین کے مطابق پرانے اور بوسیدہ ڈسٹری بیوشن سسٹم کی فوری اپ گریڈیشن نہ کی گئی تو ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے،عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لیسکو فوری حفاظتی اقدامات کرے، ننگی تاروں اور پرانے کھمبوں کی تبدیلی یقینی بنائی جائے۔