اسلام آباد (آئی این پی) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان بحریہ بحری سرحدوں کے مثر دفاع کی ادائیگی کی اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ملک کے بحری شعبے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان نیوی ایک اہم اسٹیک ہولڈر کی حیثیت سے ملک کی "بلو اکانومی کی وسیع تر صلاحیت سے فائدہ اٹھا کر پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دے رہی ہے اور ملک کے لیے بھاری معاشی فوائد فراہم کر رہی ہے۔ایڈمرل نوید اشرف نے بتایا کہ اس مقصد کے تحت دوسری پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس رواں سال 3 تا 6 نومبر کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں عالمی اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جا رہا ہے تاکہ وہ پاکستان کی بحری معیشت میں سرمایہ کاری کریں اور خطے کے میری ٹائم منظرنامے کو تبدیل کرنے میں کردار ادا کریں۔