شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے 44 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورنے والا ملزم گرفتار

شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے 44 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورنے والا ملزم گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے لاکھوں روپے بٹورنے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے میٹرومونیل ایپ پر ’حسام الدین‘ کے نام سے جعلی شناخت بنا رکھی تھی۔ اس نے خاتون سے شادی کا وعدہ کرکے آن لائن بینک ٹرانسفر کے ذریعے مجموعی طور پر 44 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔رقم حاصل کرنے کے بعد ملزم نے خاتون کی تبدیل شدہ تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانے کی دھمکیاں دیں اور تصاویر وائرل کرنے کا خوف دلا کر مزید رقم بٹورنے کی کوشش کی۔گرفتار ملزم کی شناخت حسام ولد سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پی ای سی اے) 2016 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے اسی طریقۂ واردات کے ذریعے مزید خواتین کو بھی نشانہ بنایا۔ ایجنسی نے دیگر متاثرہ خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ سامنے آکر شکایات درج کرائیں، جبکہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔این سی سی آئی اے نے میٹرومونیل ایپس اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کو بھی احتیاط برتنے، اپنی ذاتی معلومات اور مالی تفصیلات غیرضروری طور پر شیئر نہ کرنے اور مشکوک افراد کے دعووں کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے۔