بڑی سیاسی جماعتیں، سربراہ اور چیف جسٹس بیٹھ جائیں،فیصلہ کریں ملک کیسے چلانا ہے
معدنیات صوبوں کی ملکیت ہیں، قانون آئین سے متصادم ہے تو وہ قابل قبول نہیں:پریس کانفرنس
کراچی(آئی این پی )سابق وزیر اعظم وعوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے آزاد کشمیر میں جو ہوا معمولی بات نہیں اس لئے انگریز جو نظام چھوڑ گیا وہ قبول نہیں، بڑی سیاسی جماعتیں، سربراہان، چیف جسٹس بیٹھ جائیں اور فیصلہ کریں کہ ملک کیسے چلانا ہے، معدنیات صوبوں کی ملکیت ہیں، قانون آئین سے متصادم ہے تو وہ قابل قبول نہیں،17سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن کراچی کے عوام کو پانی میسر نہیں، کیا ٹینکر مافیا ساری زندگی یہاں رہے گا؟،کیا کراچی میں ٹینکر مافیا ساری زندگی رہے گا؟ جب تک کراچی ترقی نہیں کرے گا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مفتاح اسماعیل کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرپور ماتھیلو میں صحافی کو قتل کردیا گیا، سندھ حکومت قاتلوں کی گرفتاری میں اپنا کردار ادا کرے، موجودہ ملکی محالات اچھے نہیں ہیں، گذشتہ چار سال سے معیشت میں اچھے حالات نہیں ہیں، ملک میں روزگار کے مواقع نہیں ہیں، حکومت کے پاس واضع پلان نہیں ہے۔شاہد خاقان نے کہا کہ ملک میں آٹا مہنگا ہوتا جارہا ہے، عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، چینی بھی مہنگی ہورہی ہے، شوگر ملز مالکان کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے، حکومت کی مس پلاننگ سے چینی مہنگی ہوئی، ملک میں معاشی ترقی نہیں ہوگی تو روزگار کے مواقع نہیں پیدا ہوں گے