غزہ کے مناظر المناک، خیمے ڈوب چکے، بچے سردی اور بھوک کا شکار ہیں، وزیراعظم کا اظہار تشویش

غزہ کے مناظر المناک، خیمے ڈوب چکے، بچے سردی اور بھوک کا شکار ہیں، وزیراعظم کا اظہار تشویش

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کی ہے اور وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ فلسطینیوں کے لیے امدادی سرگرمیوں میں فوری اضافہ کرنے کے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کیے جائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے بہادر فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد کی فراہمی سے روکنے کے لیے اسرائیل کی جانب سے جاری غیر قانونی اقدامات انتہائی تشویش ناک ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ سے سامنے آنے والے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں، جہاں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے پانی میں ڈوب رہے ہیں اور شدید مشکلات میں گھرے بچے بھوک اور سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔

بے گھر فلسطینی بچوں کی مشکلات پر تشویش
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں ایسے بچے بھی موجود ہیں جن کے پاس کہیں اور جانے کی جگہ نہیں اور وہ انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ خیموں میں پانی داخل ہونے اور سرد موسم کے باعث پہلے سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو خوراک، رہائش اور دیگر بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے، جبکہ امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔

جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت
وزیراعظم نے اپنے بیان میں جنگ بندی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کی بھی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت اور انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں قابلِ مذمت ہیں۔

وزارتِ خارجہ کو فوری اقدامات کی ہدایت
شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ غزہ کے متاثرہ عوام تک انسانی امداد پہنچانے اور امدادی سرگرمیوں میں فوری اضافہ کرنے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔