لاہور(نیٹ نیوز)روزمرہ کی زندگی میں ہمارے سامنے بہت کچھ آتا ہے اور کچھ چیزیں تو ایسی ہوتی ہیں جن کو ہم دیکھ کر بھی نہیں دیکھتے یا اس بارے میں نہیں سوچتے۔مثال کے طور پر فریج تو اب ہر گھر کی ضرورت ہے مگر کیا کبھی آپ نے سوچا کہ اس کے نیچے والے حصے یعنی ریفریجریٹر میں تو لائٹ ہوتی ہے مگر اوپر فریزر میں نہیں؟جی ہاں واقعی ایسے فریچ جو ریفریجریٹر اور فریزر پر مشتمل ہوتے ہیں، ان میں اکثر فریزر میں لائٹ نہیں ہوتی۔تو اس کی وجہ کیا ہے؟ حقیقت تو یہ ہے کہ فریج بنانے والی کمپنیوں نے تو اس حوالے سے کوئی واضح وجہ نہیں بتائی۔مگر ماہرین کے مطابق اس کی کئی وجوہات ہیں۔ویسے تو فریزر میں لائٹ کا اضافہ بہت زیادہ مہنگا نہیں ہوتا مگر کمپنیاں ہمیشہ بچت کو ترجیح دیتی ہیں۔یعنی یہ لاگت بچانے کے ایک اصول کی کلاسیک مثال ہے کیونکہ فریج جہاں ہوتا ہے، وہاں اکثر روشنی ہوتی ہے اور اوپر فریزر میں اضافی بلب کی ضرورت نہیں ہوتی۔تحقیقی رپورٹس سے بھی ثابت ہوا ہے کہ ریفریجریٹر کے مقابلے میں فریزر کو بہت زیادہ کھولا نہیں جاتا یا کھولا بھی جاتا ہے تو بہت کم وقت کے لیے۔ایک اور تھیوری یہ بھی ہے فریزر میں لائٹ لگانا فائدہ مند نہیں کیونکہ اس پر برف جمنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ماہرین کے بقول چونکہ صارفین ریفریجریٹر میں لائٹ کو اکثر استعمال کرتے ہیں تو وہ اس فیچر کو قابل قدر تصور کرتے ہیں اور اسی وجہ سے کمپنیاں ریفریجریٹر میں لائٹس کی تنصیب کو فریزر کے مقابلے میں زیادہ بہتر سمجھتی ہیں۔چونکہ اب ہمارے لیے یہ معمول کا حصہ ہے تو فریزر میں لائٹ نہ ہونے کے مقابلے میں لائٹ ہونا زیادہ حیران کن محسوس ہوگا۔