احمد نگر اڈا گیمبر میں خاتون کو کرنٹ لگانے کا الزام، پولیس کی تفتیش جاری
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ ) اوکاڑہ کے نواحی علاقے احمد نگر اڈا گیمبر میں بیوی کو مبینہ طور پر بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کرنے کے الزام میں شوہر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق احمد نگر اڈا گیمبر کے رہائشی تنویر کی شادی مصباح نامی خاتون سے ہوئی تھی اور دونوں کے دو بچے ہیں۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ تنویر دوسری شادی کرنا چاہتا تھا، جس کی اس کی اہلیہ مصباح مخالفت کرتی تھی، جس کے باعث میاں بیوی کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق وقوعے کے روز مبینہ طور پر تنویر نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مصباح کو چارپائی کے ساتھ باندھا اور بجلی کا کرنٹ لگایا، جس سے وہ جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش قبضے میں لے کر ضروری کارروائی شروع کردی۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 391/26 تھانہ اوکاڑہ کینٹ میں درج کیا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور حقائق سامنے لانے کے لیے پولیس کو ہدایات جاری کی تھیں۔ پولیس تھانہ کینٹ نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ قتل کے مرکزی ملزم شوہر تنویر اور اس کے ساتھی اصغر کو گرفتار کرلیا ہے۔