عراق میں اہم گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، بجلی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

عراق میں اہم گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، بجلی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

بغداد: عراق کے کردستان ریجن میں متحدہ عرب امارات کی ملکیت اہم خور مور گیس فیلڈ پر دھماکا خیز مواد سے لیس ڈرون حملے کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد گیس کی پیداوار فوری طور پر معطل کردی گئی۔

حملے کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور قومی بجلی کے نظام کو تقریباً 2 ہزار 800 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی عراق میں واقع خور مور گیس فیلڈ کو رات تقریباً 11 بجے ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے بعد گیس فیلڈ کے ایک حصے میں آگ لگ گئی اور آسمان پر دھوئیں کے گھنے بادل چھا گئے، جو کئی میل دور سے بھی دکھائی دے رہے تھے۔دو سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے فوری بعد گیس فیلڈ میں پیداواری سرگرمیاں روک دی گئیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جاسکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرون حملے میں گیس ذخیرہ کرنے والے حصے کو نشانہ بنایا گیا۔گیس فیلڈ میں کام کرنے والے ایک انجینئر نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون کے ذریعے تنصیب کے اہم حصے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور گیس کی پیداوار بند کرنا پڑی۔

کردستان حکومت نے حملے کو دہشت گرد کارروائی قرار دے دیا

کردستان ریجن کے قدرتی وسائل اور بجلی کے حکام نے خور مور گیس فیلڈ پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دہشت گرد کارروائی قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں توانائی کی اہم تنصیب کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جس کے اثرات براہ راست بجلی کی پیداوار اور فراہمی پر پڑے۔وزارت بجلی کے مطابق گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی معطل ہونے کے باعث بجلی کے قومی نظام کو تقریباً 2 ہزار 800 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال کے نتیجے میں کردستان ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور بجلی کے نظام پر اضافی دباؤ پڑا۔

خور مور گیس فیلڈ کی اہمیت

خور مور گیس فیلڈ عراق کے کردستان ریجن میں توانائی کی پیداوار اور بجلی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ اس گیس فیلڈ سے حاصل ہونے والی قدرتی گیس بجلی گھروں کو فراہم کی جاتی ہے، جس سے علاقے کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملتی ہے۔توانائی کے ماہرین کے مطابق اس اہم تنصیب پر حملے اور پیداوار کی معطلی سے نہ صرف بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی بلکہ خطے کے توانائی کے نظام پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔