سکیورٹی کے بہترین انتظامات ،ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو ٹف ٹائم دیں گے:کوشال مینڈس

ٹیسٹ کرکٹ وائٹ بال فارمیٹ سے مختلف ہے، سیریز کیلئے تمام کھلاڑی مکمل تیار ، پاکستانی کھانے بھی بہت زبردست ہیں، سری لنکن کپتان
راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک)سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو ٹف ٹائم دیں گے،پاکستانی کنڈیشنز کے عادی ہو چکے ہیں۔اتوار کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان آئے ہوئے ایک ماہ ہوگیا۔یہاں کے موسم اور کھانوں کو بہت انجوائے کر رہے ہیں۔کپتان نے کہا کہ ہم سیکورٹی سے بہت مطمئن ہیں اور پی سی بی کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں بھی بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے،یہ ٹی 20 اور ون ڈے سے بہت مختلف کرکٹ ہے۔کوشال مینڈس نے کہا کہ پریکٹس میچ کھیل کر بھی کافی اعتماد بحال ہوا ہے،ہماری کل کے میچ کے لئے تیاری مکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کا سینیئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین کمبینیشن ہے۔کپتان نے کہا کہ سب کی خواہش ہے ٹیسٹ میچز میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔انہوں نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں کھیلنا اچھا لگتا ہے۔