جن افراد نے ب فارم نہیں بنوایا، 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد شناختی کارڈکیلئے درخواست دے سکتے ہیں
اسلام آباد(آئی این پی ) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) کی جانب سے مسافروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ بارڈر ہیلتھ مینجمنٹ کی ہدایات پر نادرا کی جانب سے انفلوئنزا اور میننجائٹس ویکسینز کی رجسٹریشن اور فیس وصولی کی سہولت، جو پاک آئی ڈی اور ای سہولت کے ذریعے فراہم کی جا رہی تھی، عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ نادرا کی جانب سے مسافروں سے گزارش ہے کہ مزید رہنمائی اور معلومات کیلئے براہِ راست بارڈر ہیلتھ مینجمنٹ سے رابطہ کریں۔ دریں اثنا نادرا پوڈکاسٹ میں ترجمان نے قومی شناختی کارڈ بنوانے کیلئے ب فارم یا پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والے افراد کے لیے اہم وضاحت جاری کردی ہے، جس میں پہلی مرتبہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے کے طریقہ کار سے تفصیلی آگاہ کیا گیا ہے۔نادرا ترجمان سید شباہت علی کے مطابق ایسے افراد جن کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ موجود ہے، لیکن انہوں نے کبھی ب فارم نہیں بنوایا، وہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد براہِ راست شناختی کارڈکیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔