تیسرا چہرہ

سمیع اللہ ملک(پہلی قسط)
پچھلے مضمون،دوبوڑھے،تاریخ کاکٹہرا،میں ٹرمپ اورنیتن یاہوکی سیاست کے حوالے سے جوسوال اٹھایاگیاتھا،وہ دواشخاص کی ذات سے کہیں بڑاتھا:جب اقتدارانسانی جان کی حرمت سے بے نیازہوجائے تواسے روکنے والاکون ہے؟قارئین !نے اس بحث میں مودی کے کردار کی طرف توجہ دلائی توموضوع کاایک اوردریچہ کھل گیا۔گجرات کی جلی ہوئی بستیوں،کشمیرکی پابندیوں اورغزہ کے کھنڈرات کے درمیان تاریخی اورقانونی واقعات اپنی جگہ،لیکن ایک اخلاقی سوال ان سب کوباہم مربوط کرتاہے:کیاریاست اپنے بعض باشندوں،یا کسی دوسری قوم،کے دکھ کوقومی عظمت کی راہ میں معمولی قیمت سمجھ سکتی ہے؟
یہاںتیسرابوڑھاعمرپرطنزنہیں،سابقہ مضمون کے عنوان کاتسلسل ہے۔بڑھاپابذاتِ خودالزام نہیں؛بہت سے بزرگ انسانیت کیلئے سایہ رحمت ہوتے ہیں۔زیرِ بحث وہ طرزِ اقتدار ہے جس میں تجربہ تحمل پیداکرنے کی بجائے سیاسی غلبے کی تدبیربن جائے۔اصل محاسبہ برسوں کانہیں،فیصلوں کاہے؛سفیدبالوں کانہیں،اس فکرکاہے جوانسانوں کو مذہب ،قومیت اورسیاسی وفاداری کے خانوں میں بانٹ کران کے حقوق کی قیمت مقررکرتی ہے۔تاریخ کی معتبرتحریرکیلئے مظلوم کامقدمہ اتنا سنجیدہ ہوتاہے کہ اسے مبالغے کی بیساکھی درکارنہیں۔مودی کے خلاف سیاسی الزامات،ان کی حکومت کی ذمہ داری،عدالتی فیصلے اورانسانی حقوق کی تحقیقات الگ الگ درجے رکھتے ہیں۔انہیں خلط ملط کرنے سے تحریربلند آہنگ توہوسکتی ہے،معتبرنہیں۔اسی اصول کے ساتھ اس تیسرے چہرے کودیکھنا ضروری ہے۔
گجرات کی داستان کاخونیں موڑ27فروری2002کوگودھرامیں آیا،جہاں سابرمتی ایکسپریس کے ایک ڈبے میں آگ لگنے سے59افرادہلاک ہوئے۔اس کے بعدریاست بھرمیں پھیلنے والے تشددنے بالخصوص مسلمانوں کی جانوں،املاک اورآبادیوں کونشانہ بنایا۔آزادذرائع کے مطابق ہزاروں مسلمانوں کوتہہ تیغ کردیاگیا۔ہندو مہاسبھائیوں کو مسلمانوں کے قتل وغارت کی کھلی چھٹی دے دی گئی خودایک مسلمان بھارتی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)ضمیر الدین شاہ جنہوں نے2002 میں گجرات کے تشددکو روکنے کیلئے بھیجے گئے فوجی دستوں کی قیادت کی تھی۔اپنی خودنوشت سرکاری مسلمان جو2018میں کونارک پبلشرزنے شائع کی تھی۔اس کتاب میں گجرات سے متعلق ان کااہم بیان یہ ہے کہ یکم مارچ کوتقریباتین ہزارفوجی احمدآبادپہنچ چکے تھے،لیکن ریاستی انتظامیہ سے گاڑیاں اورضروری انتظامی مددبروقت نہ ملنیکے باعث کارروائی کے قیمتی گھنٹے ضائع ہوئے۔انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعلی مودی سے ملاقات کاذکربھی کیاہے-شاہ کے عینی تجربے اورتحریری بیان نے مودی کی سیاسی حکومت کے ظالمانہ چہرے سے نقاب اٹھایاہے کہ کس طرح ان کواس خونی فسادات کو روکنے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں۔تاہم بھارتی وزارتِ داخلہ کے اعداد،جنہیں امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی رپورٹ میں نقل کیا،کے مطابق 790مسلمان شہید اور254ہندومارے گئے؛ہزاروں زخمی ہوئے۔تاہم یہ اعداداس حقیقت کوبھی محفوظ رکھتے ہیں کہ ہرمقتول کی جان محترم تھی اورمسلمان آبادی نے غیرمتناسب طورپربھاری نقصان اٹھایا۔ 
اس وقت مودی گجرات کے وزیراعلی تھے۔انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپریل2002کی تحقیق میں ریاستی اہلکاروں کی شرکت،پولیس کی ناکامی اورمسلمانوں پر منظم حملوں کے سنگین الزامات پیش کیے۔یہ محض دوبے قابوگروہوں کے درمیان اچانک تصادم کی تصویرنہیں تھی؛اس میں ریاستی تحفظ کی عدم دستیابی بنیادی سوال بن کرابھری۔تنظیم کے نتائج کواسی کی تحقیق کی حیثیت سے پڑھنا چاہیے،لیکن انہیں محض سیاسی ناپسندیدگی کہہ کرنظراندازکرنا بھی تاریخی دیانت سے دور ہے۔ریاست کاپہلاعہداپنے شہری سے یہ ہوتا ہے کہ خوف کی گھڑی میں وہ اسے تنہانہیں چھوڑے گی۔جب کسی محلے کواپنے دروازوں پر موت کی دستک سنائی دے اورمحافظوں کی موجودگی اطمینان پیدانہ کرے بلکہ بلوائیوں کے سامنے خاموش کھڑی تماشہ دیکھتی رہے تو حکومت کی اخلاقی بنیادلرزجاتی ہے۔شہری کی شناخت اس کے تحفظ کی شرط بن جائے تو شہریت کاغذکاایک بے جان ٹکڑارہ جاتی ہے۔ گجرات کازخم اسی لیے اعدادسے بڑاہے:اس نے اس اعتمادکومجروح کیاجومختلف مذاہب کے لوگوں کوایک مشترک وطن میں جوڑتاہے ۔مودی کواسی پس منظرمیںگجرات کاقصائی کہاگیاجوایک سخت سیاسی لقب ہے۔تحقیقی تحریرمیں اس نسبت کوواضح رکھناضروری ہے۔ جون2022میں بھارتی سپریم کورٹ نے ذکیہ جعفری کی وہ اپیل مستردکردی جس میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے اس نتیجے کوچیلنج کیا گیاتھاکہ مودی اوردیگرمتعلقہ افرادکے خلاف وسیع ترسازش کے مقدمے کی بنیادنہیں بنتی۔آج بھی اس فیصلہ کوتعصب کی بنیادسمجھاجاتا ہے۔تاہم اس عدالتی نتیجے اورسیاسی جواب دہی کادائرہ یکساں نہیں۔کسی مخصوص مجرمانہ سازش کاثابت نہ ہونااس سوال کوختم نہیں کرتا کہ وزیراعلی کی قیادت میں ریاست شہریوں کو مؤثرتحفظ کیوں نہ دے سکی۔عدالت فردکے خلاف جرم کے ثبوت جانچتی ہے؛سیاسی تاریخ اداروں کی کارکردگی،حکومت کے ردعمل اورمتاثرین کی حالت بھی دیکھتی ہے۔دونوں میدانوں کے معیارالگ ہیں،مگر دونوں ضروری۔ قانونی حقیقت کوچھپانابھی غلط ہے اوراسے ہراخلاقی سوال کاآخری جواب بنادینابھی۔
گجرات کے المیے کاسایہ مودی کے سیاسی سفرسے اس وقت بھی نہ ہٹاجب وہ قومی اقتدارکے امیدواربن رہے تھے۔جولائی2013میں رائٹرزکودیے گئے انٹرویومیں،جب ان سے گجرات کے تشددپرافسوس کے بارے میں پوچھاگیا،توانہوں نے اپنی کیفیت سمجھانے کیلئے گاڑی کے نیچے کتے کے بچے کے آجانے کی مثال دی۔انسانی قتل وغارت کے سوال پراس تشبیہ کاانتخاب شدیدتنازع کاباعث بنا۔سیاسی مخالفین نے اسے متاثرین کے وقارکے منافی قراردیااورمعافی کامطالبہ کیا۔اس کے باوجود بنیادی اخلاقی سوال باقی رہتا ہے:کیاایک وزیر اعلی کی جواب دہی کاتعصب اظہارافسوس کیلئے بھی بہترالفاظ استعمال نہ کرسکا؟شہری ریاست سے صرف ہمدردی نہیں،تحفظ اورانصاف بھی مانگتا ہے۔ گجرات کے متاثرین کا مقدمہ کسی حکمران کے احساسات کی پیمائش سے بڑاتھا؛وہ اس اعتماد کی بحالی کامقدمہ تھاجوقتل، خوف اوربے گھری کی آگ میں جھلس گیاتھا۔
اقتدارکی زبان میں تہذیبی احتیاط اسی لیے ضروری ہے۔اجڑے ہوئے خاندانوں کے سامنے ایک ناموزوں استعارہ پرانے زخموں کوپھرتازہ کرسکتاہے۔حکمران محض اپنادل بیان نہیں کرتا؛اس کے الفاظ متاثرین کویہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ ریاست ان کے دکھ کوکس درجے کی سنجیدگی سے دیکھتی ہے۔گجرات کے سوال کاشایانِ شان جواب ایساہوناچاہیے تھا جس میں انسانی المیے کاواضح اعتراف،حکومتی ذمہ داری کاسامنااورانصاف کیلئے غیرمبہم عزم یکجاہوتے۔
مودی کو2005 میں مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق امریکی قانونی دفعات کے تحت ویزادینے سے انکارکیاگیاتھا۔یہ اقدام گجرات کے واقعات کے پس منظر میں ہوا؛پھر2014 میں ان کے اقتدارمیں آنے کے امکان کے ساتھ واشنگٹن نے تعلقات کی اہمیت  واضح کی،اورسابقہ سفارتی دوری برقرارنہ رہی۔ یہ تبدیلی عالمی سیاست کے ایک دیرینہ مرض کوعیاں کرتی ہے:اخلاقی اصول اکثرمفادکی دہلیزپراپنالہجہ بدل لیتے ہیں۔ایک شخص صوبائی اقتدارمیں ہوتواس کاماضی سفارتی رکاوٹ بنتاہے؛وہی شخص بڑی منڈی،اہم ریاست اورعلاقائی توازن کی نمائندگی کرنے لگے تو تعلقات کی زبان نرم پڑجاتی ہے۔اس مشاہدے کامطلب یہ نہیں کہ ہرسفارتی رابطہ ناجائزہے،بلکہ یہ ہے کہ انسانی حقوق کے دعوے اپنی ساکھ کھودیتے ہیں جب ان کاوزن متعلقہ ملک کی معاشی یاتزویراتی اہمیت کے ساتھ بدلنے لگے۔
مودی کی سیاست کوسمجھنے کیلئے ہندومذہب اورہندوتواکی سیاسی تعبیرمیں فرق ضروری ہے۔کسی مذہب کی وسیع روحانی روایت کو کسی جماعت کی حکمتِ اقتدارمیں محصورنہیں کیاجاسکتا ۔ مسئلہ اس وقت پیداہوتاہے جب اکثریت کی مذہبی شناخت ریاستی وفاداری کاپیمانہ بننے لگے اوراقلیت سے مسلسل اپنی وابستگی ثابت کرنے کامطالبہ ہو۔ایسی صورت میں جمہوریت ووٹ توگنتی ہے،مگرشہریوں کے برابر وقارکاحساب بھول جاتی ہے۔جمہوریت کی آبروصرف انتخابی کامیابی میں نہیں،شکست خوردہ آوازاورکمزورشہری کے تحفظ میں بھی ہے۔ اکثریت حکومت بنانے کاحق حاصل کرتی ہے؛اسے اقلیت کی شہریت کم کرنے کاحق حاصل نہیں ہوتا۔اگرقومی عظمت کی تعمیرکیلئیکسی برادری کودائمی مشکوک ٹھہرایاجائے تووطن مشترک گھرکی بجائے درجہ بندی کاایوان بن جاتاہے۔اس ایوان میں کچھ لوگ مالک کی طرح رہتے ہیں اورکچھ اپنے ہی ملک میں مہمانوں کی طرح۔
کشمیر اسی بحث کادوسرا،زیادہ پیچیدہ باب ہے۔اس تنازع کی جڑیں تقسیمِ ہند،جنگوں،متنازع سیاسی فیصلوں اورکئی دہائیوں کی مسلح کشیدگی میں پیوست ہیں۔یوں تواس ظالمانہ تاریخ کاآغازقیامِ پاکستان کے فوری بعدہی ہوگیاتھاجب کشمیرکاایک ٹکڑامقامی آبادی کے جذبہ حریت اورجنگ کے بعدالگ ہوکرآزادکشمیربن گیااور بعد ازاں اس جنگ کو روکنے کیلئے خودنہرو حکومت اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی درخواست لیکرپہنچ گئی اوراستصواب رائے کاوعدہ کرکے جنگ بندی ہوگئی۔(جاری ہے)