وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ "گودی میڈیا" صحافت کے نام پر سیاہ دھبہ بن چکا ہے اور مودی سرکار کے جھوٹ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا اس کا وطیرہ بن گیا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارتی میڈیا اب صرف ایک پروپیگنڈا آلہ بن چکا ہے جو حکومت کی ہر جھوٹی بات کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ گودی میڈیا کے مطابق بھارت نے گویا پورا پاکستان فتح کرلیا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے تمام شہر محفوظ ہیں اور معمولات زندگی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا بھارت کی حکومت اور اس کے ہمنوا میڈیا کا مذاق اڑا رہا ہے، کیونکہ ان کی خبریں زمینی حقائق سے مکمل طور پر منقطع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے کسی بھی شہر کے قریب آنے کی خواہش ہمیشہ کی طرح ناتمام رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ انڈین میڈیا اب "کارٹون نیٹ ورک" بن چکا ہے، اور مودی خود ایک ہفتے سے کسی بل میں چھپا ہوا ہے۔ 1965 میں بھارت نے لاہور پر قبضے کا خواب دیکھا تھا لیکن عبرتناک شکست کھائی، اور آج بھی بھارتی فورسز کو پاکستانی افواج کے ہاتھوں شدید ناکامی کا سامنا ہے۔عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ نے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے ہیں جس کی تصدیق انٹرنیشنل میڈیا کر رہا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا فیک نیوز پھیلانے میں مصروف ہے تاکہ مودی حکومت کی عالمی سطح پر ہوئی رسوائی پر پردہ ڈالا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے تمام جنگی طیارے محفوظ اور مکمل فعال ہیں، اور قوم کو اپنی افواج کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔